
راولپنڈی (نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات نہ کروانے پر ان کی بہنوں نے اڈیالہ جیل کے باہر ایک بار پھر دھرنا دے دیا۔ اطلاعات کے مطابق راولپنڈی میں اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے دن عمران خان کی بہنیں علیمہ خان، نورین خان اور عظمیٰ خان کارکنان کے ساتھ فیکٹری ناکے پر پہنچیں جہاں پولیس کی ناکہ بندی کے باعث انہیں روک لیا گیا، روکے جانے پر عمران خان کی بہنوں اور پی ٹی آئی کارکنان نے فیکٹری ناکے پر دھرنا دے دیا، جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان نے کہا کہ حکومت عمران خان کو خاموش کرانا چاہتی ہے، عمران خان صحت مند ہیں لیکن قید تنہائی میں رکھ کر ذہنی طور پر ٹارچر کر رہے ہیں، آگر آج واٹر کینن کو استعمال ہوا تو ہم گلیوں میں گھُس جائیں گے لیکن جائیں گے نہیں بلکہ یہاں بیٹھے رہیں گے، جب تک ملاقات نہیں ہوگی تب تک نہیں جائیں گے، ہم اپنے ساتھ کمبل اور جیکٹ لائے ہیں جہاں روکا جائے گا وہاں بیٹھ جائیں گے، آج ہم اٹھیں گے ہی نہیں، یہ کیا کر لیں گے؟ ہم آئین نہیں توڑ رہے، نہ ہی ہم کوئی قانون توڑ رہے ہیں، یہ چوری شدہ مینڈیٹ والے بیٹھے ہی غیر آئینی ہیں، یہ قانون توڑ رہے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ پولیس کی جانب سے جیل جانے والا راستہ بند کردیا گیا ہے، انتظامیہ کی جانب سے اڈیالہ جیل کے اطراف آج بھی سکیورٹی ہائی الرٹ اور دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے، اڈیالہ جیل جانے والے راستوں پرپولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور گورکھپور کے مقام پر اینٹی رائٹس والز لگائی گئی ہیں، پولیس کے اضافی دستے اڈیالہ جیل گورکھپور ناکے پر پہنچے ہیں، اڈیالہ جیل گیٹ نمبر 5 کے باہر واٹرکینن بھی پہنچا دی گئی۔
Comments