
پشاور (نیوزڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ منشیات کے کاروبار میں ملوث ہر شخص کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور عوام جلد منشیات سے پاک خیبرپختونخواہ دیکھیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے نئے پرسنلائزڈ رجسٹریشن مارک سسٹم کا افتتاح کردیا، جس کے تحت گاڑی کا نمبر اب شہری کی ملکیت ہوگا، اس نظام سے ناصرف رجسٹریشن کا عمل تیز اور شفاف ہوگا بلکہ جعلی نمبر پلیٹس اور کلوننگ جیسے مسائل بھی کم ہوں گے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں تقریب کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے پرسنلائزڈ رجسٹریشن نظام کے تحت گاڑی کے نمبر کی ملکیت اب شہری کے پاس ہوگی، یہ ملکیت بھی بالکل شناختی کارڈ یا موبائل نمبر کی طرح ہوگی، شہری اپنا نمبر تین سال تک بغیر کسی گاڑی پر لگائے محفوظ رکھ سکیں گے، اگر گاڑی فروخت ہو جائے تو نمبر بغیر کسی اضافی فیس کے فروخت کنندہ کے پاس برقرار رہے گا، خریدار نئے نمبر کے لیے خود درخواست دے گا۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ نیا ڈیجیٹل رجسٹریشن سسٹم جعلی نمبر پلیٹس اور کلوننگ کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوگا اور ہمارا مقصد عوام کو آسانیاں اور ریلیف فراہم کرنا ہے، محکمہ ایکسائز کو ہدایت کی ہے کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے بھی آن لائن سسٹم بنایا جائے۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ منشیات کے کاروبار میں ملوث ہر شخص کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور عوام جلد منشیات سے پاک خیبرپختونخواہ دیکھیں گے، جس کیلئے منشیات کے بڑے کاروباریوں پر ہاتھ ڈالا جائے گا اور اس ناسور کا مکمل خاتمہ کریں گے، اس حوالے سے محکمہ ایکسائز کے منشیات کے خلاف اقدامات قابلِ تعریف ہیں پولیس طرز پر شہید پیکج دیا جائے گا۔
Comments